حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، بنیادِ کرامتِ رضوی (رضوی کرامت فاؤنڈیشن) کے سی-ای-او جناب استاد آغا نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا: آستان قدس رضوی کی جانب سے زائرین اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کی خدمت کے لئے ملک عراق کے شہروں سامرا، کاظمین، نجف، نجف اور کربلا کے مضافات اور شلمچہ اور کربلا میں کل 55 موکب اور اسی طرح ایران کے اندر مختلف شہروں منجملہ مہران، شلمچہ، چذابہ، خسروی اور تمرچین، باشماق، سمنان، دامغان، شاہرود، گرمسار، ہمدان، اراک، کرمانشاہ وغیرہ میں بھی 35 موکب لگائے گئے ہیں۔ جن میں زائرین اربعین کو طعام، ادویات اور علاج کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
محمد حسین استاد آغا نے مزید کہا: آستان قدس رضوی (ع) اربعین کے موقع پر پچھلے سالوں کی طرح اس بار بھی مواکب حسینی کو متعدد خدمات پیش کر رہا ہے۔ جن میں عراق میں موجود ٹینکوں میں پانی کی ترسیل کا عطیہ بھی شامل ہے جہاں سے مواکب پینے کا پانی تہیہ کر سکتے ہیں۔
آستان قدس رضوی میں اربعین کمیٹی کے سربراہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: زائرین حسینی (ع) کے لئے عام اور ضروری استعمال ہونے والی ادویات کی فہرست تیار کی گئی ہے جو ہلال احمر کے تعاون سے مواکب میں تقسیم کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا: دوسری جانب صوبہ خراسان جنوبی اور شہر بیرجند اور شہر نہبندان میں 5 موکب پاکستانی زائرین کی خدمت کے لئے آمادہ کئے گئے ہیں۔
استاد آغا کے مطابق تین وقت کا کھانا (صبح کا ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا)، رہائش اور اس کے لوازمات، موبائل یا ٹریولر نان بائی، ثقافتی خدمات کی فراہمی، ٹیلرنگ، طبی اور علاج معالجہ کی خدمات، کولر وغیرہ ٹھنڈک کا سامان، پانی کو ٹھنڈا رکھنے والے ٹب، ٹی رومز، سرونگ اسنیکس یا ریفریشمنٹ وغیرہ ان زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات میں شامل ہیں۔